فتح آباد:08 /اپریل (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ پانچ مراحل کے انتخابات کے بعد کانگریس کی قیادت والے اپوزیشن نے گھٹنے ٹیک دیے ہیں اور اب پوزیشن واضح ہے کہ بی جے پی مرکز میں اگلی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے آشیرواد سے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے نے 2014 میں حکومت بنائی تھی اور گزشتہ پانچ سالوں میں دنیا میں ہندوستان کا قد بڑھا ہے۔ہریانہ کے فتح آباد میں ایک ریلی کے دوران وزیر اعظم نے کہاکہ اب صورت حال کافی صاف ہے، ہم وطنوں کے آشیروادسے جب 23 مئی کی شام کو نتائج سامنے آئیں گے تو پھر ایک بار مودی حکومت آئے گی۔ مودی نے کہاکہ کانگریس اور ان کے مہاملاوٹی ساتھیوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور دہلی میں ایک کھچڑی اور مجبور حکومت بنانے کی ان کی منشا دھری کی دھری رہ گئی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے بدعنوانی کی حدکی ہے اور اس کے ثبوت ہریانہ اور ہر جگہ موجودہے۔ہریانہ کی 10 لوک سبھا سیٹوں پر 12 مئی کو چھٹے مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔